’جتنا جلد ممکن ہو ملک چھوڑیں‘آسٹریلیا کا ایران میں موجود شہریوں کے لیے الرٹ جاری
سڈنی :آسٹریلوی حکومت نے بدھ کے روز اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران میں جاری پرتشدد مظاہروں اور غیر مستحکم سکیورٹی صورتحال کے باعث ’جلد از جلد‘ ملک چھوڑ دیں۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی آسٹریلوی شہری اس وقت ایران میں موجود ہے تو اسے فوری طور پر واپسی کے انتظامات کرنے چاہئیں۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ ایران میں مظاہرے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں اور مجموعی سکیورٹی صورتحال نہایت غیر یقینی ہے۔
تہران میں آسٹریلوی سفارت خانے نے گزشتہ سال ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے دوران اپنی سرگرمیاں معطل کردی تھیں۔ تازہ بیان میں آسٹریلوی حکومت نے کہا کہ ایران میں آسٹریلوی شہریوں کو قونصلر مدد فراہم کرنے کی صلاحیت اس وقت انتہائی محدود ہے۔
ایڈوائزری میں یہ بھی خبردار کیا گیا کہ ایران میں آسٹریلوی شہریوں، خاص طور پر دوہری شہریت رکھنے والوں کو حراست میں لیے جانے کا خطرہ زیادہ ہے، اس لیے حکومت نے فوری واپسی کی سخت ہدایت جاری کی ہے۔
