چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی کیسز کے ججز کے تبادلے کا نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا
لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے 9 مئی کے مقدمات کی سماعت کرنے والے دو ججز کے تبادلے کا نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا ہے۔
گزشتہ روز رات گئے چیف جسٹس کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے جج ارشد جاوید کا تبادلہ بہاولنگر، جبکہ بہاولنگر کے جج آصف بشیر کا تبادلہ لاہور کیا گیا تھا۔
تاہم اب نیا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں دونوں ججز کے تبادلے کے احکامات کو منسوخ کر دیا گیا ہے اور دونوں ججز کو اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید اب تک 9 مئی کے تین مقدمات کے فیصلے سنا چکے ہیں۔اس فیصلے سے 9 مئی کیسز کی سماعت میں استحکام اور تسلسل برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
