وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس: چھوٹے و درمیانے کاروبار اور کسانوں کے لیے قرض فراہمی کا جائزہ
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں چھوٹے اور درمیانے پیمانے کے کاروبار سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چھوٹے کسانوں کو قرض فراہمی کے طریقہ کار کا بھی تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔
وزیر اعظم نے اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ سہولت اور معاشی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے نجی شعبے کو قرض کی فراہمی کے عمل کو آسان بنایا جائے۔ اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک کو بھی ہدایات جاری کی گئیں کہ قرض فراہمی کے طریقہ کار کو سہل بنایا جائے تاکہ چھوٹے اور درمیانے کاروبار بلا رکاوٹ ترقی کر سکیں۔
اجلاس میں زراعت کے شعبے میں جدت کے فروغ کے لیے سروس پرووائیڈرز کو قرض کی فراہمی یقینی بنانے پر بھی بات کی گئی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ہارون اختر ٹیم کے ساتھ تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کا دورہ کریں تاکہ قرض فراہمی کے اقدامات کو عملی جامع شکل دی جا سکے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کی سہولت کے لیے صوبوں سے جامع پالیسی سازی کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ترقی یافتہ ممالک میں چھوٹے اور درمیانے کاروبار صنعتوں کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر کام کرتے ہیں، اور پاکستان میں بھی یہی ماڈل اپنانے کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں یوتھ انٹرپرنیورشپ کو فروغ دینے کے لیے تربیتی پروگراموں پر بھی غور کیا گیا تاکہ نوجوان نئے کاروبار شروع کر سکیں اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو۔ وزیر اعظم نے نجی شعبے بالخصوص ایس ایم ایز کو قرض فراہمی میں سہولت فراہم کرنے کو ترجیحات میں شامل کرنے پر زور دیا۔
