اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات: کاغذات نامزدگی کی سکرونٹی مکمل، اپیلیں آج سے دائر کی جا سکیں گی
اسلام آباد: اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی اسکرونٹی کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ اب کاغذات منظور یا مسترد ہونے کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے ٹیم کو ایک روزہ تربیت دی۔ ذرائع کے مطابق مانیٹرنگ ٹیم کے 22 افسران کو انتخابی مہم کے ضابطہ اخلاق، الیکشن قانون، ممکنہ خلاف ورزیوں اور اختیارات کے بارے میں بریف کیا گیا۔
کاغذات نامزدگی کے حوالے سے اپیلیں 10 جنوری تک دائر کی جا سکیں گی، جبکہ اپیلٹ اتھارٹی 12 سے 15 جنوری کے درمیان اپیلوں پر فیصلے کرے گی۔ بلدیاتی امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 16 جنوری کو شائع ہوگی اور کاغذات نامزدگی 17 جنوری تک واپس لیے جا سکیں گے۔
انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ اور حتمی امیدواروں کی فہرست 19 جنوری کو جاری ہوگی۔ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی پولنگ 15 فروری کو ہوگی، اور نتائج 16 سے 19 فروری کے درمیان مکمل کیے جائیں گے۔
