اگر پنجاب کی بیٹی ڈٹ جائے تو تقدیر بدل سکتی ہے، مریم نواز کا خواتین کے حوصلے کو خراج تحسین
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خواتین کی ہمت، محنت اور صلاحیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کی بیٹیاں اگر ثابت قدم رہیں تو صوبے کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی خواتین ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتی ہیں، اور ہر خواب حقیقت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اب ہر شہری تک صحت کی سہولیات پہنچانے کے لیے فعال اقدامات کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے صحت کے شعبے میں جاری اقدامات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اب حکومت بیمار لوگوں کا ہسپتال آنے کا انتظار نہیں کرے گی بلکہ ہسپتال خود گھروں تک جائیں گے۔ ہر محلے اور شہر تک ٹیمیں پہنچیں گی تاکہ علاج کے سلسلے میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔
مریم نواز نے کہا کہ پیسہ ہر صوبے کے پاس ہے، صرف نیت اور ارادے کی کمی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب 25 ہزار کمیونٹی ہیلتھ اسپیکٹرز میدان میں نکلیں گے تو پنجاب سے بیماریاں دور بھاگ جائیں گی، اور فیلڈ اسپتال گاؤں گاؤں جا کر علاج فراہم کریں گے۔ انہوں نے ستھرا پنجاب منصوبہ کی کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ دنیا بھر میں مقبول ہوا ہے۔
سب بیٹیاں مجھے کہہ رہی تھیں کہ I LOVE YOU تو مریم نواز آپکو یہ کہنا چاہتی ہے کہ I LOVE YOU MORE۔ @MaryamNSharif pic.twitter.com/9LFpkmoqtr
— WE News (@WENewsPk) January 7, 2026
وزیر اعلیٰ نے تنخواہوں کے حوالے سے کہا کہ اگر اہلکار محنت کریں اور اچھا کام کریں تو ان کی تنخواہ بڑھائی جائے گی۔ انہوں نے صحت کے انفراسٹرکچر میں اضافے پر بھی زور دیا اور خاص طور پر جھنگ میں کارڈیالوجی ہسپتال بنانے کا اعلان کیا۔
مریم نواز نے کہا”ایک مریم آپ کے سامنے کھڑی ہے اور میرے سامنے آپ سب مریم کھڑی ہیں” اس کے ذریعے انہوں نے خواتین کو خوداعتمادی اور حوصلے کا پیغام دیا۔
