یورپ میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج، مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک، سینکڑوں پروازیں منسوخ
لندن (محمد وقاص)یورپ میں شدید برفباری اور سرد موسم کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔موسم سرما اپنی انتہا پر ہے اور مختلف ممالک میں شدید برفباری ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
شدید سردی اور برفباری کی وجہ سے مختلف حادثات پیش آئے جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے۔فرانس کے دو الگ الگ علاقوں میں 5 افراد کی موت ہوئی، جبکہ بوسنیا کے دارالحکومت سرائیوو میں ایک خاتون بھی حادثے میں ہلاک ہوئی۔
برفباری کے سبب یورپ بھر میں سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس کے باعث ہزاروں مسافر پیرس اور ایمسٹرڈیم کے ائیرپورٹس پر پھنسے ہوئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں سڑکیں بند ہیں اور عوام کو نقل و حمل میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
روزنامہ الجریدہ کے مطابق حکام نے شہریوں سے احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ ہنگامی سروسز متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
