پاکستانی بیک گراؤنڈ والے کرکٹرز کو بھارت ویزوں میں مشکلات کا خدشہ، بورڈز پریشان
کراچی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے لیے بھارتی ویزوں کے حصول میں پاکستانی بیک گراؤنڈ اور پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے کرکٹرز کو مشکلات کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں حصہ لینے والی 5 ٹیموں کے بورڈز نے آئی سی سی سے رابطہ کیا، لیکن نہ تو آئی سی سی سے جواب ملا اور نہ ہی بھارتی بورڈ نے کوئی یقین دہانی کرائی۔
ذرائع کے مطابق، ویزوں کے حصول میں یہ مشکلات خاص طور پر یو اے ای، عمان، اٹلی، کینیڈا اور امریکا کی ٹیموں میں شامل گرین پاسپورٹ ہولڈر یا پاکستان بیک گراؤنڈ والے کرکٹرز کے لیے پیش آ سکتی ہیں۔
بورڈز نے آپس میں مشاورت شروع کر رکھی ہے اور اس معاملے پر پریشانی کا اظہار کیا ہے۔ سابقہ تجربات سے ظاہر ہے کہ بھارت نے ماضی میں پاکستان بیک گراؤنڈ رکھنے والے کھلاڑیوں کو ویزہ دینے میں مشکلات پیدا کی ہیں، جس کی وجہ سے ایسوسی ایٹ ممالک کے بورڈز خاصے پریشان ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر صرف بیک گراؤنڈ رکھنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہوا ہے، تو پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے کھلاڑیوں کے لیے یہ پریشانی مزید بڑھ سکتی ہے۔
