آزاد وینزویلا کو امریکا کا توانائی مرکز بنا دیں گے: اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا مچاڈو
کراکس: وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا مچاڈو نے کہا ہے کہ اگر وینزویلا کو آزادی ملی تو وہ اسے امریکا کا توانائی مرکز بنا دیں گی۔ امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد از جلد وینزویلا واپس جانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
ماریا کورینا مچاڈو نے دعویٰ کیا کہ آزاد وینزویلا خطے میں توانائی کے شعبے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز پر بھی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ منشیات اسمگلنگ کے اہم کرداروں میں شامل ہیں۔
دوسری جانب امریکی حملوں اور صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد وینزویلا کی سیاست میں نیا موڑ آ گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا مچاڈو سے کسی قسم کا رابطہ نہیں کریں گے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں ماریا کورینا مچاڈو کے لیے وینزویلا کی قیادت سنبھالنا انتہائی مشکل ہوگا، کیونکہ ان کے بقول ماچاڈو کے پاس ملک کے اندر وہ عوامی حمایت اور احترام موجود نہیں جو قیادت کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے۔
