کراچی سے 2 ہزار کلو دھماکا خیز مواد برآمد، گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر متعدد افراد گرفتار

0

کراچی: شہر کے علاقے بلدیہ رئیس گوٹھ سے بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد ہونے کے بعد سکیورٹی اداروں نے کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب پہلے سے گرفتار دہشت گردوں نے مزید منصوبہ بندی اور دیگر ساتھیوں کی نشاندہی کی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکا خیز مواد کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان مختلف مقامات سے خریدا گیا تھا اور دہشت گرد کئی ماہ سے اس منصوبے پر کام کر رہے تھے۔ حب ریور روڈ، رئیس گوٹھ میں خفیہ اطلاعات پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزم جلیل عرف نوید کو گرفتار کیا گیا جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔ کمپاؤنڈ سے ایک ٹرک میں دھماکا خیز مواد سے بھرے پلاسٹک کے ڈرم اور سلنڈر برآمد ہوئے۔

فارنزک ٹیسٹ کے مطابق برآمد شدہ دھماکا خیز مواد کی مجموعی مقدار 2 ہزار کلوگرام تھی اور اس میں ڈیٹونیٹر اور ڈیڈ کور وائر بھی منسلک تھے۔ سکیورٹی حکام نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے مجید بریگیڈ فتنتہ الہند سے ہے اور دھماکا خیز مواد شہر میں دہشت گردی کے مقاصد کے لیے تیار کیا جا رہا تھا۔

اس سلسلے میں سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں انسداد دہشت گردی اور ایکسپلوزو ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے میں بی ایل اے کے کمانڈر بشیر زیب اور اس کے ساتھیوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ چھاپہ مار کارروائیاں اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس دہشت گرد نیٹ ورک کے دیگر ارکان کو بھی بے نقاب کیا جا سکے اور شہر میں کسی بڑے دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنایا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.