آئی سی سی انڈین نہیں، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہے، بنگلادیش کا ٹیم بھارت نہ بھیجنا درست فیصلہ ہے: شاہد آفریدی

0

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی رویے پر شدید تنقید کرتے ہوئے بنگلادیش کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے کو درست قرار دے دیا ہے۔

شاہد آفریدی کا یہ بیان بھارت کی جانب سے بنگلادیشی کرکٹر مستفیض الرحمن کو آئی پی ایل سے نکالے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارت ایک بار پھر کرکٹ میں سیاست لے آیا ہے، جو دنیائے کرکٹ کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کا فیصلہ بالکل درست ہے اور ایسے حالات میں یہی بنتا بھی ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ مودی حکومت پہلے بھی بھارت کے لیے شرمندگی کا سبب بنی اور اب بھی بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کہ بھارت کی وجہ سے کرکٹ میں پیسہ آتا ہے اور بھارت اسی مالی طاقت پر چل رہا ہے، تاہم اب دیگر کرکٹ کھیلنے والے ممالک کو بھی جرات مندانہ فیصلے کرنا ہوں گے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر تمام سنجیدہ اور مثبت سوچ رکھنے والے لوگوں کو مل بیٹھنا چاہیے، کیونکہ آئی سی سی کوئی انڈین کرکٹ کونسل نہیں بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہے۔انہوں نے زور دیا کہ اگر کرکٹ کو سیاست سے پاک رکھنا ہے تو آئی سی سی کو اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہیے اور بھارت کی جانب غیر ضروری جھکاؤ کو ختم کرنا ہوگا، تاکہ عالمی سطح پر کرکٹ کی ساکھ برقرار رکھی جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.