وینزویلا پر امریکہ کا بڑا حملہ، صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو حراست میں لے لیا، امریکی صدر ٹرمپ کا دعویٰ
کاراکاس: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے وینزویلا میں بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کے بعد صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کو حراست میں لے کر ملک سے باہر منتقل کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، اور تاحال امریکی حکام، وینزویلا حکومت یا بین الاقوامی ذرائع سے اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
وینزویلا کے وزیر دفاع ولادی میر پیڈرینو نے کہا ہے کہ ملک کسی بھی غیر ملکی فوجی موجودگی کی سخت مزاحمت کرے گا۔ ہفتے کی صبح جاری ایک ویڈیو پیغام میں وزیر دفاع نے الزام لگایا کہ امریکا نے علی الصبح وینزویلا پر حملہ کیا، جس میں شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا اور جانی و مالی نقصان ہوا۔ پیڈرینو کے مطابق حکومت اس وقت ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے بارے میں معلومات جمع کر رہی ہے اور ملک کی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
BREAKING: Explosions have been heard and plumes of smoke are rising in the Venezuelan capital Caracas, according to an Al Jazeera correspondent there, amid spiralling tensions with the US. pic.twitter.com/2ULTTSfl3O
— Al Jazeera English (@AJEnglish) January 3, 2026
نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے کہا کہ حکومت کو صدر مادورو اور خاتونِ اول سیلیا فلورس کے ٹھکانے کا علم نہیں، اور فوری طور پر ان کی جان کے بارے میں معلومات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
وینزویلا حکومت نے ملک کے مختلف علاقوں میں امریکی حملوں کی تصدیق کی ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق یہ حملے دارالحکومت کاراکاس کے علاوہ میرانڈا، آراگوا اور لاگویرا ریاستوں میں ہوئے۔ دارالحکومت میں دھویں کے کالم اور زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں، جس سے صورتحال شدید کشیدہ ہو گئی ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ امریکی حملوں کا اصل مقصد وینزویلا کے تیل اور معدنی وسائل پر قبضہ کرنا ہے، تاہم امریکا اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔ امریکی فوجی جارحیت کو مسترد کرتے ہوئے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

امریکی دعووں کے باوجود تاحال کوئی آزاد ذرائع وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کی گرفتاری یا ملک سے باہر منتقل ہونے کی تصدیق نہیں کر سکے۔ اس واقعے کے بعد بین الاقوامی برادری کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور عالمی سطح پر وینزویلا کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
