امریکہ کے وینزویلا کے دارالحکومت سمیت اہم علاقوں پر حملے ، طیاروں کی نچلی پروازیں

0

کاراکس/واشنگٹن: امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس اور دیگر علاقوں پر حملے کیے ہیں، جن کے دوران کاراکس میں کم از کم 7 دھماکے ہوئے اور شہر کے مختلف حصوں میں طیاروں کی نچلی پروازیں دیکھنے میں آئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا میں فوجی کارروائی کا حکم دیا ہے، جبکہ ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر ایجنسی کو بتایا کہ یہ حملے وینزویلا کے وسائل پر کنٹرول کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

وینزویلا حکومت نے تصدیق کی کہ حملے کاراکس، میرانڈا، آراگوا اور لاگویرا ریاستوں میں کیے گئے۔ حکومت نے اعلان کیا کہ امریکا وینزویلا کے وسائل پر قابض نہیں ہو پائے گا اور امریکی فوجی جارحیت مسترد کی جاتی ہے۔ وینزویلا کے صدر نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں میں وینزویلا کے دفاعی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا اور صدر نے صدارتی محل چھوڑ دیا۔ اس کے علاوہ وینزویلا کے کئی جزائر میں امریکی میرینز کے زمینی آپریشن کے غیر مصدقہ اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

کولمبیا کے صدر نے بتایا کہ کاراکس پر میزائل داغے جا رہے ہیں اور انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.