مقامی طور پر تیار کردہ ’تیمور‘ میزائل کا کامیاب تجربہ، پاک فضائیہ نے دفاعی صلاحیتوں میں نیا سنگِ میل عبور کرلیا
اسلام آباد: پاکستان فضائیہ نے ملکی سطح پر تیار کردہ جدید ایئر لانچڈ کروز میزائل ’تیمور‘ کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ انجام دے کر قومی دفاع اور فضائی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ’تیمور‘ ایک جدید ایئر لانچڈ کروز میزائل ہے جو دشمن کے زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ میزائل 600 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس میں روایتی وار ہیڈ نصب ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تیمور جدید نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹمز سے لیس ہے جبکہ انتہائی کم بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت کے باعث یہ دشمن کے ایئر اور میزائل ڈیفنس سسٹمز سے مؤثر انداز میں بچنے کی بھرپور اہلیت رکھتا ہے۔ میزائل کی پریسیژن اسٹرائیک صلاحیت پاکستان فضائیہ کی روایتی دفاعی طاقت اور آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ کرتی ہے، جس سے ملک کی مجموعی دفاعی پوزیشن مزید مستحکم ہوتی ہے۔
کامیاب فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی دفاعی صنعت میں تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے اس جدید ہتھیار کے نظام کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔
03 January, 2026: Pakistan Air Force has successfully conducted the flight test of the indigenously developed Taimoor Weapon System, marking another significant milestone in the advancement of national… pic.twitter.com/pRSQkXgOXb
— DGPR (AIR FORCE) (@DGPR_PAF) January 3, 2026
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات نے اس نمایاں کامیابی پر سائنسدانوں، انجینئرز اور پوری ٹیم کو دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت، انتھک محنت اور قومی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
چیف آف ایئر اسٹاف نے اس موقع پر کہا کہ اس نوعیت کی کامیابیاں پاکستان کے تکنیکی خود کفالت کے وژن اور قابلِ اعتبار روایتی دفاعی صلاحیت کے حصول کے عزم کی مظہر ہیں۔ ’تیمور‘ ہتھیار کے کامیاب تجربے سے پاکستان فضائیہ کی عملی تیاری، تکنیکی برتری اور قومی سلامتی کے اہداف میں مزید اضافہ ہوگا۔
