ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: پاکستان نے ابتدائی اسکواڈ کے نام آئی سی سی کو ارسال کر دئیے

0

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے ابتدائی اسکواڈ کے نام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو جمع کرا دیے ہیں۔ 15 رکنی ابتدائی اسکواڈ کے ساتھ ساتھ ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست بھی آئی سی سی کو ارسال کی گئی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے مقرر کردہ ڈیڈ لائن کے مطابق پی سی بی نے بروقت اسکواڈ کے نام جمع کرائے ہیں۔ قوانین کے تحت پی سی بی کو 31 جنوری تک آئی سی سی کی اجازت کے بغیر اسکواڈ میں تبدیلی کا اختیار حاصل ہے، تاہم اس تاریخ کے بعد کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری لازمی ہوگی۔

ابتدائی اسکواڈ میں قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں، جو دورۂ سری لنکا کے لیے منتخب اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں۔ پی سی بی حکام کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز میں ایک یا دو کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔

دورۂ سری لنکا کے لیے منتخب اسکواڈ میں کپتان سلمان علی آغا کے علاوہ عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ محمد نافع اور محمد نواز شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ محمد سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاداب خان، عثمان خان اور عثمان طارق بھی قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹیم کے توازن اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکواڈ کو حتمی شکل دی جائے گی تاکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان ایک مضبوط اور متوازن ٹیم کے ساتھ میدان میں اتر سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.