سال 2026 کا پہلا اور آخری سپر مون کل نظر آئے گا، وولف مون کہلائے گا: سپارکو

0

اسلام آباد: خلائی تحقیق کے قومی ادارے سپارکو کے مطابق سال 2026 کا پہلا سپر مون کل (3 اور 4 جنوری کی درمیانی شب) پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں دیکھا جا سکے گا۔

سپارکو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ سپر مون روایتی طور پر وولف مون کہلاتا ہے اور اکتوبر 2025 سے جاری سپر مونز کے سلسلے کا آخری سپر مون ہوگا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان میں سپر مون شام 5 بج کر 51 منٹ پر طلوع ہوگا، جبکہ چاند کی روشنی 99.8 فیصد تک ہوگی۔ اس موقع پر چاند عام پورے چاند کے مقابلے میں 6 سے 7 فیصد بڑا اور تقریباً 10 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا، جس سے یہ نظارہ عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ دلکش محسوس ہوگا۔

سپارکو کے مطابق زمین اور چاند کے درمیان اس وقت فاصلہ تقریباً 3 لاکھ 62 ہزار کلومیٹر ہوگا، جس کے باعث چاند زمین کے نسبتاً زیادہ قریب ہونے کی وجہ سے سپر مون کی شکل اختیار کرے گا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اسی دوران کواڈرینٹڈ شہابی بارش بھی اپنے عروج پر ہوگی، جس کے باعث آسمان پر شہابِ ثاقب دیکھنے کے مواقع بڑھ جائیں گے۔ صاف موسم کی صورت میں شہری کھلی آنکھ سے اس قدرتی منظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔سپارکو کے مطابق سپر مون کا یہ سلسلہ اب اختتام پذیر ہو جائے گا، جبکہ اگلا سپر مون سلسلہ نومبر 2026 میں دوبارہ شروع ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.