پی ٹی سی ایل نے ٹیلی نار پاکستان کا باضابطہ انتظام سنبھال لیا، ڈیجیٹل انقلاب کا آغاز
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ٹیلی نار پاکستان اور اوریون ٹاورز (Orion Towers) کے 100 فیصد حصص کی خریداری مکمل کرکے باضابطہ طور پر ٹیلی نار پاکستان کا انتظام سنبھال لیا، جس سے ملک کے ٹیلی کام سیکٹر میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔
اب ٹیلی نار پاکستان اور اوریون ٹاورز پی ٹی سی ایل کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنیوں کے طور پر کام کریں گے اور پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (یوفون فور جی) اور یو مائیکروفنانس بینک کے ساتھ مل کر پی ٹی سی ایل کا حصہ ہوں گے۔ عبوری مدت کے دوران ٹیلی نار پاکستان ایک علیحدہ قانونی ادارے کی حیثیت سے کام جاری رکھے گا، اور ضروری ریگولیٹری منظوریوں کے بعد مستقبل میں دونوں ادارے ایک مربوط ادارے کے طور پر ضم کر دیے جائیں گے۔
پی ٹی سی ایل نے ٹیلی نار اے ایس اے کی تقریباً دو دہائیوں پر محیط خدمات کو سراہا، جس میں اس نے سروس کے معیار کو بلند کرنے اور رابطوں کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اس سنگِ میل سے دونوں ادارے اپنی صلاحیتوں اور وسائل کو یکجا کریں گے تاکہ صارفین کو وسیع رسائی، تیز رفتار اور محفوظ خدمات فراہم کی جا سکیں۔
پی ٹی سی ایل اور یوفون فور جی کے صدر و سی ای او حاتم بامطرف نے اس موقع پر کہا،”یہ پی ٹی سی ایل کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ اور پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کے لیے اہم سنگِ میل ہے۔ ہم صارفین کو بلا تعطل، اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنے پر بھرپور توجہ دیں گے اور مشترکہ صلاحیتوں کے ذریعے وسیع پیمانے پر صارفین کے تجربے کو بہتر بنائیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا”میں اپنے ٹیلی نار پاکستان کے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ ہم مل کر ایک مضبوط اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ادارہ قائم کریں گے، جو صارفین کی بہتر خدمت کرے گا، لوگوں کو بااختیار بنائے گا اور پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کو آگے بڑھائے گا۔ یہ اتحاد ملک کی ڈیجیٹل معیشت کو مستحکم کرے گا اور لاکھوں افراد کو جدید ٹیکنالوجی اور خدمات سے جوڑے گا۔”
پی ٹی سی ایل، یوفون فور جی اور ٹیلی نار پاکستان اب ایسے مستقبل میں داخل ہو چکے ہیں جو جدت، ڈیجیٹائزیشن اور صارفین کے لیے بے مثال تجربات فراہم کرنے سے عبارت ہے، اور ادارہ ملک بھر میں ڈیجیٹل انقلاب کو فروغ دینے کے غیرمتزلزل عزم کے ساتھ آگے بڑھے گا۔
