نیو ایئر نائٹ پر اسلام آباد میں ہائی الرٹ سکیورٹی، 3500 پولیس اہلکار تعینات، قانون شکنی پر زیرو ٹالرنس: آئی جی اسلام آباد
اسلام آباد : نیو ایئر نائٹ کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کے مطابق شہر بھر میں مجموعی طور پر 3500 پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے، جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 350 ٹریفک پولیس اہلکار خدمات انجام دیں گے۔
آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ شہر کے مختلف حساس مقامات پر خصوصی سکیورٹی دستے اور کوئیک ریسپانس فورس تعینات کی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیو ایئر نائٹ پر ہلڑ بازی، ون ویلنگ، سکیٹنگ اور ہراسمنٹ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی کو بھی شہر کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آئی جی اسلام آباد نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو غیرقانونی سرگرمیوں سے باز رکھیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
آئی جی پولیس نے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خوشیاں ضرور منائیں، مگر قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اور مہذب شہری ہونے کا مظاہرہ کریں۔ آئی جی اسلام آباد کے مطابق اسلام آباد پولیس نیو ایئر نائٹ پر شہر میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے ہمہ وقت موجود رہے گی۔
