الیکشن ٹربیونل کا بڑا فیصلہ، این اے 130 لاہور سے نواز شریف کی کامیابی برقرار
لاہور:الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن درست قرار دے دیا۔ ٹربیونل نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے دائر کی گئی انتخابی درخواست خارج کرتے ہوئے نواز شریف کی کامیابی کو برقرار رکھا۔
سماعت کے دوران نواز شریف کی جانب سے بیرسٹر اسد اللہ چٹھہ نے دلائل دیے، جبکہ الیکشن ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست مسترد کر دی۔
فروری 2024 کے عام انتخابات میں این اے 130 لاہور سے نواز شریف نے 1 لاکھ 71 ہزار 24 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد 1 لاکھ 15 ہزار 43 ووٹ لے سکیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کی انتخابی کامیابی کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کیا تھا، جسے اب خارج کر دیا گیا ہے۔
