’بند کرو اسے‘، لائیو پروگرام کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال کی ویڈیو کس نے بند کرائی؟

0

اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی ایک ویڈیو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس میں وہ ایک نجی ٹی وی چینل کے لائیو پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے کہ اچانک ایک نامعلوم شخص وہاں آیا اور چیختے ہوئے کہا ’بند کرو اسے‘، جس کے فوراً بعد ویڈیو منقطع ہو گئی۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور سوال اٹھایا گیا کہ وہ شخص کون تھا جس نے لائیو پروگرام کے دوران احسن اقبال کو نشریات بند کرنے پر مجبور کیا۔ اس واقعے پر مختلف قیاس آرائیاں اور تبصرے بھی سامنے آئے۔

معروف صحافی اجمل جامی نے اس حوالے سے بتایا کہ ویڈیو دیکھنے کے بعد انہوں نے وفاقی وزیر احسن اقبال سے رابطہ کیا جنہوں نے بتایا کہ ان کے اسلام آباد میں واقع گھر پر خاندانی تقریب جاری تھی اسی دوران بچے اچانک ان کے مطالعہ خانے میں داخل ہو گئے تھے جس کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی۔

بعد ازاں احسن اقبال نے خود بھی اس معاملے پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تشویش کا اظہار کرنے والے تمام افراد کے پیغامات کا شکریہ۔ ان کے مطابق لائیو نشریات کے دوران مختصر خلل اس وقت پیش آیا جب قریب موجود ایک شخص کو یہ علم نہیں تھا کہ وہ براہِ راست آن ایئر ہیں اور وہاں کسی بات پر بحث ہو رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کچھ ہی دیر بعد دوبارہ انٹرویو میں شامل ہو گئے تھے اور امید ہے کہ اس معاملے کو بلاوجہ سیاسی رنگ نہیں دیا جائے گا۔

تاہم سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد احسن اقبال کی وضاحت سے مطمئن دکھائی نہیں دی اور اس واقعے پر مزید سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ سحرش مان نامی صارف نے دعویٰ کیا کہ شو کے دوران حملہ کرنے والے یا فون چھیننے والے کی آواز احسن اقبال صاحب کے بیٹے احمد اقبال کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.