جاوید بٹ قتل کیس میں بڑی پیشرفت، جے آئی ٹی نے امیر معصب اور امیر فتح کو ذمہ دار قرار دیدیا

0

لاہور:تعریف گلشن المعروف طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کی تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آ گئی ہے۔ اس ہائی پروفائل کیس کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے اپنی رپورٹ میں امیر معصب اور امیر فتح کو قتل کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔

جے آئی ٹی ذرائع کے مطابق جاوید بٹ کے قتل کی منصوبہ بندی امیر معصب نے کی، جس میں امیر فتح بھی اس کے ساتھ شامل تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جب امیر معصب نے شوٹرز کو جاوید بٹ کے قتل کا ٹاسک دیا تو اس وقت امیر فتح بھی موقع پر موجود تھا، جس سے اس کی مبینہ شمولیت مزید واضح ہو جاتی ہے۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق مقدمے کا ایک اور ملزم عارف بھٹی تاحال منظرِ عام سے غائب ہے، جس کی گرفتاری کے لیے متعلقہ ادارے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دوسری جانب کیس میں نامزد ملزم امیر فتح نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے، تاہم جے آئی ٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد قانونی صورتحال میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق جاوید بٹ کے قتل کی تحقیقات کے لیے قائم جے آئی ٹی ایس پی صدر انویسٹی گیشن میاں معظم کی سربراہی میں کام کر رہی ہے، جبکہ ڈی ایس پی اچھرہ قمر عباس اور انویسٹی گیشن رائیونڈ شاہ زیب بھی جے آئی ٹی کا حصہ ہیں۔ جے آئی ٹی نے شواہد، بیانات اور تکنیکی ڈیٹا کی بنیاد پر اپنی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے رپورٹ متعلقہ حکام کو پیش کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔

قانونی ماہرین کے مطابق جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے کے بعد کیس میں مزید گرفتاریاں اور قانونی کارروائی متوقع ہے، جبکہ جاوید بٹ کے قتل کے محرکات اور پسِ پردہ عوامل پر بھی مزید پردہ اٹھنے کا امکان ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.