مولانا فضل الرحمن ’ڈاکٹر‘ بن گئے، پی ایچ ڈی کی ڈگری موصول
کراچی:جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو سرسید یونیورسٹی کراچی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا کردی گئی۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری پیش کی۔
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن کراچی کے دورے پر ہیں، گزشتہ روز انہوں نے شہر قائد میں دینی جماعتوں کے کنونشن میں شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔
اپنے خطاب میں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ کسی بھی سیاسی یا ذاتی مفاد کے لیے مدارس کی تقسیم اور کمزوری قبول نہیں، مدارس کے طلبہ نہ صرف دینی تعلیم میں بلکہ جدید سائنسی علوم میں بھی مہارت حاصل کر سکتے ہیں، یہی ملکی ترقی اور استحکام کی بنیاد ہے۔ مدارس کی اصل شناخت قرآن و حدیث کی تعلیمات کے مطابق ہونی چاہیے اور کسی بھی سیاسی یا ذاتی مفاد کے لیے مدارس کی تقسیم اور کمزوری قبول نہیں۔
قائد جمعیۃ حضرت مولانا فضل الرحمن کو پاکستان کے لئے قومی خدمات کے اعتراف میں سر سید یونیورسٹی کراچی کی جانب سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری پیش کر رہے ہیں۔ #DefendersOfJUI pic.twitter.com/pYEflCbHVL
— Zaheer Ahmed (@a00236347) December 22, 2025
مولانا فضل الرحمن نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ بعض ادارے اور علما اپنی ذاتی یا سیاسی وجوہات کے تحت مدارس کی قدر و منزلت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، لیکن آج بھی لاکھوں طلبہ ان مدارس میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن، شفافیت اور انتظامی اصلاحات ضروری ہیں تاکہ کسی غیر ذمہ دارانہ سازش کو ناکام بنایا جا سکے۔
