دوسرا ون ڈے: جنوبی افریقہ نے پاکستانی ٹاپ آرڈر کو تباہ کردیا، 12 اوورز میں 3 وکٹیں گر گئیں
فیصل آباد: جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولرز نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستانی ٹاپ آرڈر بیٹنگ لائن کو شدید دباؤ میں ڈال دیا۔ اقبال سٹیڈیم میں جاری میچ میں میزبان ٹیم کے تین اہم بلے باز صرف 43 رنزپر پویلین لوٹ گئے۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ پاکستان کے لیے الٹا پڑ گیا۔ اننگز کے آغاز میں ہی اوپنر فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد کپتان بابر اعظم نے کچھ مزاحمت ضرور کی مگر وہ بھی صرف 11 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور صرف4 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت تک 12 اوورز مکمل ہوئے ہیں اور پاکستانی ٹیم کا سکور 43 رنز پر 3 وکٹیں ہے۔
جنوبی افریقی بولرز نے عمدہ لائن اور لینتھ پر بولنگ کرتے ہوئے پاکستانی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ وکٹ سے ملنے والی مدد کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے فاسٹ بولرز نے نئی گیند سے شاندار اسپیلز کیے۔
سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی، تاہم دوسرے میچ میں مہمان ٹیم نے زبردست واپسی کی ہے۔سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ ہفتہ، 8 نومبر کو اسی اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔
