اسلام آباد میں سموگ کے تدارک اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے سی ڈی اے کا اہم اجلاس، متعدد اقدامات پر اتفاق

0

اسلام آباد:چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اسلام آباد میں سموگ کے تدارک، فضائی آلودگی کے خاتمے اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ماہر ماحولیات و فارسٹر رضوان محبوب، ممبر انوائرمنٹ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سمیت دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی جبکہ سندھ فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے چیف کنزرویٹر اور ان کی ٹیم نے بذریعہ زوم لنک شرکت کی۔

اجلاس میں فضائی آلودگی کے اسباب، ان کے تدارک کے لیے جامع حکمت عملی، اور ماحولیاتی بہتری کے سلسلے میں مختلف اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت کے مطابق اسلام آباد میں سموگ اور فضائی آلودگی میں کمی سمیت ماحولیاتی تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سموگ کے تدارک کے لیے ایک جامع پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، جبکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر، اینٹوں کے بھٹوں اور انڈسٹریز سے خارج ہونے والے دھوئیں پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی نہ اپنانے والے اور مسلسل خلاف ورزی کے مرتکب اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے انہیں مسمار کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت دی کہ دارالحکومت میں تمام بھٹوں اور انڈسٹریز کو ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقل کرنا لازمی قرار دیا جائے۔

محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے گاڑیوں کے کاربن اخراج کے ٹیسٹ لازم کیے جائیں، اور ان ٹیسٹوں کے لیے صرف سرٹیفائیڈ لیبارٹریز سے سرٹیفیکیشن کو تسلیم کیا جائے۔

چیئرمین نے کوڑا کرکٹ کھلی فضاء میں جلانے پر مکمل پابندی عائد کرنے اور اس عمل میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں سے اٹھنے والے گردوغبار پر قابو پانے کے لیے تمام کنسٹرکشن سائٹس پر باقاعدہ پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے، اور تمام ترقیاتی منصوبوں میں پاک ای پی اے (Pak-EPA) کے ایس او پیز پر عمل کیا جائے۔

ماہر ماحولیات و فارسٹر رضوان محبوب نے تجویز دی کہ شجرکاری مہم میں ایسے پودے لگائے جائیں جو فضائی آلودگی کو جذب کرنے میں مؤثر کردار ادا کریں، جبکہ کمیونٹی کی سطح پر عوامی آگاہی مہمات اور کار پولنگ کے رجحان کو فروغ دیا جائے۔

اجلاس میں سندھ فارسٹ ڈیپارٹمنٹ نے مینگرووز کی بحالی کے لیے جاری “انڈر ڈیلٹا بلیو کاربن پراجیکٹس” پر بریفنگ دی، اور اسلام آباد میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک اور دیگر گرین ایریاز میں “کاربن کریڈٹ” کے حصول کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں کاربن کریڈٹ کے حصول کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف منصوبے شروع کیے جائیں، جبکہ سندھ فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے تجربات اور صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اسلام آباد میں کاربن کریڈٹ کے حصول، ماحولیاتی تحفظ، اور سموگ کے تدارک کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.