اسلام آباد میں سپریم کورٹ کی کینٹین میں گیس سلینڈر دھماکا، 4 افراد زخمی

0

اسلام آباد:سپریم کورٹ کی کینٹین میں گیس سلینڈر  کے باعث دھماکے سے چار افراد زخمی ہو گئے، واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق دھماکا سپریم کورٹ کے احاطے میں واقع اے سی گیس پلانٹ میں مرمت کے دوران ہوا۔ مرمتی عمل کے دوران اچانک سلینڈر پھٹنے سے زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز سپریم کورٹ کی عمارت میں دور تک سنی گئی، جس کے باعث وکلا اور عملہ حفاظتی طور پر کمروں سے باہر نکل آئے۔ دھماکے کی شدت سے سپریم کورٹ کی کینٹین کا کچھ فرنیچر اور سامان بھی تباہ ہوگیا جبکہ کورٹ نمبر 6 کے شیشے ٹوٹ گئے۔

بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں تاکہ دھماکے کی نوعیت اور اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔ ابتدائی طور پر واقعے کو گیس سلینڈر پھٹنے کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق متعلقہ حکام نے دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ انتظامیہ نے حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے اور حفاظتی اقدامات میں بہتری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.