صدر آصف علی زرداری کی عراقی صدر ڈاکٹر عبداللطیف جمال رشید سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات، تجارت اور علاقائی تعاون پر اتفاق

0

دوحہ: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دوحہ میں عراقی صدر ڈاکٹر عبداللطیف جمال رشید سے ملاقات کی۔ ملاقات دوسری ورلڈ سمٹ برائے سماجی ترقی کے موقع پر ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عراق کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

صدر آصف علی زرداری اور عراقی صدر نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط اور متحرک بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر عراقی صدر نے صدرِ پاکستان کو دورۂ عراق کی دعوت دی، جسے صدر زرداری نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ عراقی پارلیمانی انتخابات کے بعد جلد بغداد کا دورہ کریں گے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا اور زور دیا کہ پاکستان اور عراق کے کاروباری طبقے کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ فریقین نے ویزہ سہولتوں میں اضافےاور تجارتی وفود کے تبادلے پر بھی گفتگو کی۔

صدر آصف علی زرداری نے پاکستانی زائرین کے لیے عراقی حکومت کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ عتباتِ عالیہ کی زیارت کے لیے جانے والے پاکستانی زائرین کو دی جانے والی سہولتیں دونوں ممالک کے قلبی اور مذہبی تعلقات کی عکاس ہیں۔

صدرِ مملکت نے مزید کہا کہ عراق میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی اور باہمی احترام کا پل ہے، جو پاکستان اور عراق کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، استحکام اور باہمی تعاون کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور عراق خطے میں امن و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ملاقات کے دوران خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان کے قطر میں سفیربھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.