2025 رول آف لا انڈیکس: ڈنمارک سب سے قانون پسند ملک قرار، پاکستان 130ویں نمبر پر برقرار

0

اسلام آباد:  ورلڈ جسٹس پروجیکٹ (WJP) کی جانب سے جاری کردہ 2025 رول آف لا انڈیکس میں ڈنمارک ایک بار پھر دنیا کا سب سے زیادہ قانون پسند ملک قرار پایا ہے، جب کہ پاکستان کی درجہ بندی گزشتہ سال کی طرح 130ویں نمبر پر برقرار رہی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں قانون کی بالادستی کمزور ہوئی ہے، اور 68 فیصد ممالک نے گزشتہ سال کے مقابلے میں زوال دکھایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حکومتی طاقت پر کمزور نگرانی، عدالتی آزادی میں کمی، اور آمریت کے بڑھتے رجحانات قانون کی حکمرانی کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔

ورلڈ جسٹس پروجیکٹ کی رپورٹ کے مطابق ڈنمارک مسلسل تیسرے سال پہلے نمبر پر رہا، جب کہ ناروے، فن لینڈ اور سویڈن بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ امریکہ کی درجہ بندی میں گراوٹ آتی رہی اور وہ اب 27ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ اس کے برعکس چین قدرے بہتری کے ساتھ 92ویں پوزیشن پر پہنچ گیا۔ بھارت فہرست میں 79ویں نمبر پر ہے، جب کہ پاکستان بدستور 130ویں پوزیشن پر برقرار ہے۔

فہرست کے نچلے حصے میں وینزویلا 143ویں اور افغانستان 142ویں نمبر پر ہیں۔ روس اور سوڈان نے بھی نمایاں گراوٹ دکھائی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کئی خطوں میں سیاسی عدم استحکام، بدعنوانی اور انسانی حقوق کی پامالی قانون کی حکمرانی کو متاثر کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر قانونی اداروں کی کمزوری اور سیاسی اثر و رسوخ میں اضافے سے انصاف کی فراہمی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر ریاستیں قانون کی بالادستی اور شفاف احتساب کے نظام کو مضبوط نہ کریں تو آنے والے برسوں میں صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.