میکسیکو کی ریاست مِچوآکان میں میئر کارلوس مانزو قتل، اُروپان میں شدید احتجاج
میکسیکو سٹی:میکسیکو کی ریاست مِچوآکان میں میئر کارلوس مانزوکے قتل کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے، اُروپان شہر میں مشتعل مظاہرین نے سرکاری عمارت پر دھاوا بول دیا اور ریاستی گورنر الفریڈو رامیرز بیڈولاسے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میئر کارلوس مانزو کو ایک عوامی تقریب کے دوران فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ واقعے کے فوراً بعد علاقے میں بدامنی پھیل گئی اور شہریوں نے حکومت کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ اس وقت ہوئی جب میئر تقریب سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے۔ حملہ آور نے قریب آ کر متعدد فائر کیے جس کے نتیجے میں کارلوس مانزو موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔خبر ایجنسیوں کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو موقع پر ہلاک کر دیا، جبکہ دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اُروپان میں ہونے والے احتجاج کے دوران مظاہرین نے بلدیاتی دفتر اور مقامی انتظامیہ کی عمارتوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی۔
مقامی حکام کے مطابق واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ سکیورٹی فورسز کو شہر کے حساس علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔مِچوآکان ریاست میں اس سے قبل بھی عوامی نمائندوں اور سرکاری اہلکاروں پر حملوں کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں، جنہیں حکام منظم جرائم اور منشیات کے گروہوں سے جوڑتے ہیں۔
