پورٹ قاسم پر عالمی معیار کا شپ یارڈ قائم کرنے کا فیصلہ، چینی کمپنی کو جیٹی دینے کی منظوری

0

کراچی:وزارتِ میری ٹائم افیئرز نے پورٹ قاسم پر عالمی معیار کا شپ یارڈ قائم کرنے کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے چینی کمپنی کو پورٹ قاسم پر جیٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیرِ میری ٹائم افیئرز جنید انور چوہدری نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان نے شپ یارڈ منصوبے کے لیے چینی کمپنی کو پورٹ قاسم پر موجود تیار جیٹی استعمال کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام پاکستان میں جہاز سازی کی صنعت کے فروغ اور ملکی بحری صلاحیت میں اضافے کی سمت ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق نئے شپ یارڈ میں سالانہ چھ جہاز بنانے کی گنجائش ہوگی، جس سے نہ صرف مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ پاکستان کو غیر ملکی زرمبادلہ کے اخراجات میں بھی خاطر خواہ بچت ہوگی۔

جنید انور چوہدری نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے تحت جہازوں کی ادائیگی ملکی کرنسی یعنی پاکستانی روپوں میں کی جائے گی، جس سے درآمدی دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وزارتِ میری ٹائم افیئرز دوسری شپ یارڈ کے قیام کے لیے بھی موزوں مقام کے انتخاب پر کام کر رہی ہے، تاکہ پاکستان کی جہاز سازی کی استعداد میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق منصوبے کی تکمیل سے پاکستان خطے میں جہاز سازی کے شعبے میں خود کفیل ہونے کی جانب ایک اہم سنگِ میل عبور کرے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.