"گلیشیئرز ٹو فارمز” گرین کلائمیٹ فنڈ کی پاکستان کے لیے 25 کروڑ ڈالر امداد کی منظوری
اسلام آباد: دنیا بھر میں ماحول کے تحفظ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے سرگرم بین الاقوامی تنظیم گرین کلائمیٹ فنڈ (GCF) نے پاکستان کے لیے 25 کروڑ ڈالر کی امداد کی منظوری دے دی ہے۔ یہ امداد پاکستان میں ماحولیاتی استحکام اور پائیدار زرعی ترقی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ رقم "گلیشیئرز ٹو فارمز” منصوبے کے تحت استعمال کی جائے گی، جس کا مقصد گلیشیئرز سے نکلنے والے آبی نظاموں کو بہتر بنانا اور انہیں ماحولیاتی اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔ منصوبے کے ذریعے شمالی علاقوں، خصوصاً سوات میں کسانوں کو زراعت اور آبپاشی کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ پانی کے مؤثر استعمال اور فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو سکے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی تکنیکی اور مالی معاونت سے مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کا ہدف ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنا، مقامی کمیونٹیز کو پائیدار ذرائع معاش فراہم کرنا اور زراعت کے نظام کو زیادہ مضبوط اور ماحولیاتی طور پر محفوظ بنانا ہے۔
حکام کے مطابق منصوبے سے نہ صرف آبی ذخائر کے مؤثر انتظام میں مدد ملے گی بلکہ ماحولیاتی خطرات جیسے گلیشیئر پگھلنے، سیلاب اور خشک سالی کے اثرات کو بھی کم کیا جا سکے گا۔
ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ گرین کلائمیٹ فنڈ کی جانب سے یہ امداد پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے جو ماحولیاتی پائیداری، آبی تحفظ اور زرعی ترقی کے اہداف کے حصول میں مددگار ثابت ہوگی۔
