آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی پر ن لیگ کا اہم اجلاس ،پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے سے انکار، مگر تحریکِ عدم اعتماد میں حمایت برقرار

0

راولپنڈی: آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے اہم اجلاس کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی قیادت نے حکومت کی تبدیلی پر مشاورت مکمل کرتے ہوئے آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی طے کر لی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، رانا ثناءاللہ، وزیرِ امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان، اراکین پارلیمانی پارٹی اور مرکزی عہدیداران شریک ہوئے۔

اجلاس میں تفصیلی غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی کے لیے پیپلز پارٹی کا ساتھ تو دے گی، تاہم نئی حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد اور قائدِ ایوان کے انتخاب دو الگ معاملات ہیں۔ اسی لیے ن لیگ نے فیصلہ کیا ہے کہ قائدِ ایوان کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ نہیں دیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ پیپلز پارٹی سے آزاد کشمیر میں جلد انتخابات کے امکان پر مشاورت کی جائے گی تاکہ سیاسی استحکام کا راستہ نکالا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی رابطہ کمیٹی نے آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کو پیپلز پارٹی کے ساتھ طے شدہ فارمولے پر اعتماد میں لیا۔ اجلاس میں آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ آزاد کشمیر کی قیادت سے سیاسی تجاویز بھی طلب کر لی گئیں۔

ذرائع کے مطابق سیاسی رابطہ کمیٹی وزیراعظم شہباز شریف کو وطن واپسی پر آزاد کشمیر کی صورتحال اور مسلم لیگ (ن) کے فیصلوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.