بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر کا چیئرمین جوائنٹ چیفس کو کتاب کا تحفہ، بھارتی کیوں آگ بگولہ ہوگئے؟

0

ڈھاکہ :بنگلا دیش کے چیف ایڈوائرز اور نوبیل انعام یافتہ معاشی ماہر ڈاکٹر محمد یونس کی جانب سے پاکستان کی مسلح افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو دی جانے والی کتاب کے سرورق پر بنے نقشے نے بھارتیوں کو آگ بگولہ کر دیا۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے گزشتہ ہفتے بنگلادیش کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈھاکا میں چیف ایڈوائرز محمد یونس سے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد یونس کی جانب سے جنرل ساحر شمشاد مرزا کو The Art of Triumph کے عنوان والی ایک کتاب کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔

اس کتاب کے سرورق پر بنے نقشے کے حوالے سے بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ڈاکٹر محمد یونس نے جو کتاب پاکستان کی مسلح افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کو بطور تحفہ پیش کی اس کے سرورق پر بنے نقشے میں بھارتی ریاست آسام اور دیگر شمال مشرقی حصوں کو بنگلا دیش کاحصہ دکھایا گیا ہے۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا کو پیش کی جانے والی کتاب کے تحفے کی تصاویر جیسے ہی ڈاکٹر محمد یونس نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں تو بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین پر طوفان برپا ہو گیا، سوشل میڈیا اور مین اسٹریم بھارتی میڈیا پر بنگلا دیش کے چیف ایڈوائرز کے خلاف الزامات کا محاذ کھل گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.