پاکستانی کھلاڑیوں کو بگ بیش لیگ کھیلنے کی اجازت، کرکٹ آسٹریلیا کی تصدیق
لاہور:کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کھیلنے کی باضابطہ اجازت مل گئی ہے۔ پاکستان کے کھلاڑیوں کو بی بی ایل میں شرکت کے لیے کلئیر کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے تفصیلات گزشتہ ہفتے ہی طے پا گئی تھیں۔
ٹوڈ گرین برگ کے مطابق ہم بہت پرجوش ہیں کیونکہ پاکستان کے بہترین کھلاڑی لیگ کا حصہ ہیں، اور ہم انہیں اس سیزن میں ایکشن میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حال ہی میں غیر ملکی لیگز کے لیے قومی کرکٹرز کے این او سی عارضی طور پر روک دیے تھے، تاہم جن کھلاڑیوں کے پاس پہلے سے این او سی موجود تھا، انہیں بی بی ایل کھیلنے کی اجازت دے دی گئی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا اور پی سی بی کے درمیان کھلاڑیوں کی شرکت کے معاملے پر بات چیت بھی ہوئی تھی۔بی بی ایل میں شرکت کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی، حسن علی، حارث روف، شاداب خان اور حسان خان شامل ہیں، جو مختلف ٹیموں کے ساتھ معاہدے کر چکے ہیں۔
