ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ترسیلاتِ زر کے فروغ سے متعلق اجلاس
اسلام آباد: ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ترسیلاتِ زر کے بہاؤ کے جائزے سے متعلق اہم اجلاس وزارتِ خارجہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بیرونِ ملک سے آنے والی رقوم، خصوصاً خلیجی ممالک سے ترسیلاتِ زر کے رجحانات اور چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کی مضبوطی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ترسیلاتِ زر کے نظام کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے ذریعے بہتر اور مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ ترسیلات کے عمل میں وقت اور لاگت دونوں کم سے کم ہوں تاکہ سمندر پار پاکستانیوں اور اُن کے اہلِ خانہ کو سہولت میسر آئے۔
اسحاق ڈار نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ ترسیلاتِ زر کے محفوظ اور آسان ذرائع کے فروغ کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جائیں اور مالیاتی اداروں کے درمیان مربوط حکمتِ عملی اپنائی جائے۔اجلاس میں معاونِ خصوصی طارق باجوہ، گورنر اور ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
