بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی دالبندین میں کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی:سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے دالبندین میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔فورسز نے دالبندین بلوچستان میں ایک کامیاب کارروائی میں فتنہ الہندوستان کی تشکیل کا قلع قمع کردیا۔
ذرائع نے بتایا کہ دہشتگرد پہاڑی غار میں پناہ لیے ہوئے تھے، جن پر فضائی نگرانی کے ذریعے مسلسل نظر رکھی گئی، سکیورٹی فورسز کی جانب سے موزوں وقت پر ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ اہم کامیابی سکیورٹی فورسز اور خفیہ اداروں کی بہترین ہم آہنگی اور مؤثر رابطے کا نتیجہ ہے۔سکیورٹی ذرائع نے کہاکہ بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے تک فورسز کی جانب سے سکیورٹی اقدامات جاری رہیں گے۔
