صدر مملکت آصف علی زرداری کی شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید کے گھر آمد، اہلِ خانہ سے تعزیت
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری راولپنڈی میں لیفٹیننٹ کرنل جنید شہید کے گھر گئے اور شہید افسر کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔
صدرِ مملکت نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان صبر و حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔
صدر زرداری نے لیفٹیننٹ کرنل جنید شہید کی بہادری اور قیادت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں بھارت نواز خوارج دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ایسے عناصر اور ان کے سرپرستوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ قوم اپنے بہادر بیٹوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے، اور ان کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔انہوں نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے قوم کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ یہ مشن ہر صورت جاری رہے گا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی بھی صدرِ مملکت کے ہمراہ تھے۔
