امیر بالاج ٹرکان والا قتل کیس کا مرکزی ملزم ’طیفی بٹ‘ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
لاہور: امیر بالاج ٹرکان والا قتل کیس کے مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ مقابلہ رحیم یار خان کے علاقے میں پیش آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی اہلکار ملزم طیفی بٹ کو تفتیش کے سلسلے میں لاہور سے رحیم یار خان لے جا رہے تھے کہ راستے میں مبینہ طور پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں وہ مارا گیا۔پولیس کے مطابق طیفی بٹ کو گزشتہ روز ہی دبئی سے لاہور منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے اسے پاکستان لانے کے بعد تفتیشی مرحلہ شروع کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ پر قتل سمیت متعدد سنگین مقدمات درج تھے۔ وہ امیر بالاج ٹرکان والا کے قتل کیس کا مرکزی ملزم قرار دیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق دبئی میں گرفتاری کے دوران طیفی بٹ نے عدالت میں بیان دیا تھا کہ وہ پاکستان واپس جا کر اپنے خلاف دائر مقدمات کا سامنا کرنا چاہتا ہے۔ تاہم وطن واپسی کے ایک روز بعد ہی وہ مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
