ماضی گواہ ہے ٹی ایل پی نے جتھے کی صورت میں قومی املاک پر حملے کیے، ریاست بلیک میل نہیں ہوگی: طلال چوہدری

0

اسلام آباد:وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ریاست کسی جتھے کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوگی۔ احتجاج کرنا ہے قانون کے اندر رہ کر کریں جو بھی نقصانات ہوں مظاہرین کو لیڈ کرنے والے ذمہ دار ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھاکہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے لیکن کسی کو انتشار کی اجازت نہیں، ماضی گواہ ہے کہ تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی) نے جتھے کی صورت میں قومی املاک پر حملے کیے، جتھوں کی سیاست اور مطالبات منوانے کی گنجائش اب نہیں ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے نے کہا کہ غزہ امن معاہدے پر خوشیاں منائی جارہی ہیں، غزہ امن معاہدے پر فلسطینیوں نے سجدہ شکر ادا کیا ہے، غزہ اور فلسطین کے مسئلے کے حل کے بعد اس احتجاج کی وجہ کیا ہے، سب سے بڑے فریق غزہ کے لوگ ہیں، وہ خوش ہیں، غزہ کے لوگوں کے نام پر احتجاج کیوں ہو رہا ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھاکہ یہ اپنے مرکزی دفتر ثمن آباد سے راوی روڈ کی طرف جارہے ہیں، یہ اس لیے نکل آئے ہیں کہ ان پر طاقت کا استعمال نہیں کیا گیا، ہمارا صوبائی حکومتوں سے رابطہ ہے ، کوشش کی جارہی ہے کہ طاقت کے استعمال کے بغیر ان لوگوں کو روکا جائے، حکومت اس طرح کی جتھےبازیاں اورمظاہرے کو آگے بڑھنے نہیں دے گی۔

وزیر مملکت کا کہنا تھاکہ  آج اسلام آباد میں سرکاری اور نجی ادارے کام کررہے ہیں، کچھ لوگ ہم نے گرفتار کرلیے ہیں، راستے کھول دیے گئے ہیں، اگر کہیں رکاوٹ رکھی گئی ہے تو وہ شہریوں کو ان شرپسندوں سے بچانے کیلئے ہے، قانون کی عملداری ہوگی ، احتجاج کرنا ہے قانون کے اندر رہ کر کریں جو بھی نقصانات ہوں مظاہرین کو لیڈ کرنے والے ذمہ دار ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.