آزاد کشمیر میں مسلم کانفرنس کی امن ریلی پر فائرنگ، 6 افراد ذخمی

0

مظفر آباد:آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر ریاست بھر میں ہڑتال کے دوران امن و امان کی صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق مسلم کانفرنس کی امن ریلی پر عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 شہری زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کے مظاہرین اور مسلم کانفرنس کے شرکا آمنے سامنے آگئے، جس کے بعد پتھراؤ اور فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پتھراؤ کے باعث پولیس کی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔

بٹل میں بھی عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح عناصر نے ایمبولنس کا راستہ روکا، جس کے باعث بزرگ شہری محمد صادق دم توڑ گئے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے علاقے میں شدید غم و غصہ پیدا کردیا، جس کے بعد عوام نے غصے میں آ کر مظاہرین کی کھڑی کی گئی رکاوٹیں خود ہٹا دیں۔

عینی شاہدین کے مطابق مسلح شرپسند غلیلوں اور ہتھیاروں سے پولیس پر بھی حملے کر رہے ہیں، جس سے یہ تاثر مزید تقویت پاتا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے عزائم ابتدا سے ہی شرپسندانہ تھے۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی ریلی میں اشتہاری افراد بھی شریک تھے۔ عوامی حلقے مظاہرین کی ہلڑ بازی اور درندگی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور شرپسندوں سمیت کمیٹی کے لیڈران کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.