وزیراعظم کی سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنےکی ہدایت

0

نیویارک:وزیراعظم شہباز شریف نے  ملک میں آنے والے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا ہنگامی بنیادوں پر تخمینہ مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔  

وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں یو این جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کےفوری بعد ملک میں حالیہ سیلابی صورتحال اوربحالی کے جاری اقدامات پر جائزہ اجلاس طلب کیا اور سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف اور بحالی کارروائیاں تیز کرنےکی ہدایت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا سیلاب زدہ علاقوں میں لوگوں کی بحالی تک چین سےنہیں بیٹھیں گے، جنرل اسمبلی میں موسمیاتی تبدیلی کے مضراثرات پرپاکستانیوں کی آواز دنیا تک پہنچائی، پاکستان جیسا ترقی پذیر ملک موسمیاتی تبدیلی سے آنے والی قدرتی آفات سے مسلسل متاثر ہو رہا ہے۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر احسن اقبال کو امداد اوربحالی کے آپریشنز کی کڑی نگرانی اور جائزہ اجلاس بلانےکی ہدایت کی، انہوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو بھی صوبوں اور پی ڈی ایم ایزکو مکمل تعاون فراہم کرنےکی ہدایت کی۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا ہنگامی بنیادوں پر تخمینہ مکمل کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا سیلاب کے بعد فصلوں اور بنیادی ڈھانچےکوپہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ جلد مکمل کیا جائے تاکہ امدادی کارروائیوں وبحالی کیلئےجامع منصوبہ بندی میں آسانی ہو۔

وزیراعظم نے موٹر وے ایم 5 کے دریائے ستلج میں سیلاب سے متاثرہ حصےکی بحالی کیلئے این ایچ اےکو اقدامات تیزکرنےکی ہدایت دیتے ہوئے کہا موٹر وے میں جلال پور پیر والا کے مقام پر پڑنے والے شگاف کی فوری مرمت کی جائے۔

انہوں نے سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کو ایم 5 کے متاثرہ حصے پر نقصان کے جائزےکی ہدایت دی اور محکمہ صحت کے حکام کو پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے تمام تر ضروری اقدامات لینےکے احکامات دیے۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا سیلاب زدہ علاقوں میں موزوں فصلوں کی کاشت کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.