بولان میں لیویز کا آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں اہلکار شہید، ڈاکو زخمی

0

کوئٹہ:بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے کھٹن باغی میں لیویز فورس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں لیویز اہلکار محسن علی اعوان شہید ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن بدنام زمانہ شفو گینگ کے خلاف کیا گیا تھا، اس کارروائی کے دوران 2 ڈاکو بھی زخمی ہوئے۔بدنام زمانہ شفو گینگ کے خلاف سرچ آپریشن ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائرڈ جمعہ داد خان مندوخیل کی سربراہی میں کیا گیا۔

آپریشن کے دوران شفو گینگ کے ساتھیوں کے گھروں کا محاصرہ کیا گیا، لیویز حکام کے مطابق شفو گینگ کے اہم کارندے میر حسن ہالہ سمیت 15 سے زائد ٹھکانے نذرِ آتش کر دیے گئے۔حکومت بلوچستان نے شہید لیویز اہلکار محسن علی اعوان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ترجمان محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر کچھی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جارہی ہے اور قومی شاہراہ پر لوٹ مار میں ملوث گروہوں کا قلع قمع کیا جائے گا۔

ترجمان محکمہ داخلہ بلوچستان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری ہیں اور یہ کارروائیاں منطقی انجام تک پہنچائی جائیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.