پاک بھارت ٹاکرے میں ایک بار پھر متنازع ریفری تعینات، قومی ٹیم کی پری میچ کانفرنس منسوخ

0

پاکستان اور بھارت کے درمیان کل ہونے والے مقابلے کے لیے ایک بار پھر وہی چہرہ ریفری کے طور پر سامنے آ گیا ہے جس پر پہلے بھی سوالات اٹھ چکے ہیں۔ اینڈی پائی کرافٹ کو ایک بار پھر میچ ریفری تعینات کرنے پر قومی ٹیم کی پری میچ پریس کانفرنس منسوخ کردی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کا مورال بلند رکھنے کے لیے ایک موٹیویشنل سپیکر کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں، اور ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں روایتی حریفوں کا ٹکراؤ کل ہوگا، جس میں شائقین کو سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔ پہلے میچ میں بھارت نے بازی مار لی تھی۔

ٹورنامنٹ میں اب تک بھارت ناقابل شکست ہے، جبکہ پاکستان کو واحد ناکامی بھارتی ٹیم کے ہاتھوں ہوئی۔ اس اہم میچ سے پہلے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان آغا کی سربراہی میں اہم مشاورت ہوئی جس میں بیٹرز نے اپنی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے آئندہ بہتر کھیل پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کو اسٹرائیک روٹیشن اور کم ڈاٹ بالز کھیلنے پر زور دیا، جب کہ کھلاڑیوں نے وعدہ کیا کہ سپر فور کے میچز میں پہلے والی کوتاہیوں کو دہرایا نہیں جائے گا۔

پریکٹس سیشن کے دوران بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر خاص توجہ دی گئی، اور ٹیم نے پوری جان لگا کر تیاریاں کیں۔ دوسری طرف، اس بڑے میچ کی ٹکٹس کی مانگ بھی آسمان کو چھونے لگی ہے۔ ایک ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 350 درہم، یعنی تقریباً 27 ہزار پاکستانی روپے تک پہنچ گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.