وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیاں سے ملاقات

0

دوحہ: وزیراعظم پاکستان  شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیاں سے دوحہ میں منعقدہ ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

ملاقات میں وزیراعظم نے 9 ستمبر کو قطر پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور اس افسوسناک واقعے پر پاکستان کے دوٹوک مؤقف کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے قطر کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مسلم امہ کے اتحاد پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دوحہ میں ہونے والا عرب۔اسلامی سربراہی اجلاس پوری مسلم دنیا کی طرف سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک مضبوط اور متحد پیغام ہے جسے مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

ایرانی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات اور احترام بھی پہنچایا۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیاں نے فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کے دوٹوک مؤقف کو سراہا اور وزیراعظم کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ پاک۔ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں قریبی رابطے میں رہیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.