کابینہ نے دریائے سندھ پر حیدرآباد اور کوٹری کے درمیان نئے پل کے ڈیزائن کی منظوری دیدی
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ کابینہ نے دریائے سندھ پر حیدرآباد اور کوٹری کے درمیان نئے پل کے ڈیزائن کی منظوری دیدی۔
مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں سندھ پر حیدرآباد اور کوٹری کے درمیان نئے پل کے ڈیزائن کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا نیا پل اندرونِ ملک ٹریفک کی آمد رفت کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا۔
اس کے علاوہ سندھ کابینہ نےکراچی کی سڑکوں کی بحالی کے لیے 6.5 ارب روپے کی منظوری بھی دی اور اس حوالے سے مراد علی شاہ کا کہنا تھا شہرکی سڑکوں کی مرمت جلد شروع کی جائے اور فوری فنڈز جاری کیے جائیں۔
کابینہ نے کراچی شہر کے ایس 3 منصوبے کے لیے 2 ارب روپے کی منظوری دی جبکہ ضلعی عدالتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے 48.9 ملین روپے مختص کیے گئے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا عدالتی نظام کو جدید اور عوامی سہولیات بڑھانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن اہم قدم ہے۔
سندھ کابینہ نے مورو میں 4 نئی عدالتوں کی تعمیر کے لیے 432.597 ملین روپے بھی منظور کیے جبکہ دادو میں پیر الٰہی بخش لا کالج کے لیے 25 ملین روپے گرانٹ منظور کی گئی۔
