مشرقِ وسطیٰ بحران کے اثرات، بھارتی معیشت پر دباؤ میں اضافہ اور روزگار کے خطرات

0

نئی دہلی :مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات اب جنوبی ایشیا کی بڑی معیشت بھارت تک بھی پہنچنے لگے ہیں، جس کے باعث اقتصادی دباؤ میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے  یونائٹیڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام کی تازہ رپورٹ کے مطابق خطے میں جاری بحران کے نتیجے میں بھارت میں مزید 25 لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے جا سکتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس صورتحال کے بعد بھارت میں مجموعی طور پر غربت میں زندگی گزارنے والے افراد کی تعداد بڑھ کر تقریباً 35 کروڑ 40 لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، جو ایک سنگین معاشی دباؤ کی نشاندہی کرتا ہے۔

یو این ڈی پی کے مطابق کشیدگی کے باعث زرعی شعبہ بھی متاثر ہونے کا امکان ہے، خصوصاً خریف کی فصلوں پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں، جس سے غذائی تحفظ کے مسائل جنم لے سکتے ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ عالمی غیر یقینی صورتحال اور سپلائی چین میں رکاوٹوں کے باعث بھارت میں کاروباری سرگرمیاں سست روی کا شکار ہو سکتی ہیں، جس سے روزگار کے مواقع متاثر ہوں گے۔ رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ تقریباً 90 فیصد روزگار پر بالواسطہ دباؤ پڑ سکتا ہے۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق اگر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی طویل ہوئی تو اس کے اثرات صرف توانائی اور تجارت تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ خطے کی بڑی آبادی والے ممالک کی معیشتیں بھی متاثر ہوں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.