پاکستان اور یورپی یونین میں تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بڑی پیشرفت
اسلام آباد میں ای یو پاک بزنس فورم 28 اور 29 اپریل کو منعقد ہوگا، 600 سے زائد بزنس ملاقاتیں شیڈول
اسلام آباد: پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت ایک اعلیٰ سطح بزنس فورم کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق **ای یو پاک بزنس فورم 28 اور 29 اپریل کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں یورپی اور پاکستانی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین دنیا کی سب سے بڑی سنگل مارکیٹ ہے اور پاکستان کی اہم برآمدی منڈی بھی ہے۔ فورم کا مقصد دوطرفہ تجارتی تعلقات کو سرمایہ کاری میں تبدیل کرنا اور صنعتی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
فورم کے دوران زرعی کاروبار، ڈیجیٹل انوویشن، فن ٹیک، گرین لاجسٹکس اور ٹیکسٹائل سمیت اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اعلامیے کے مطابق گلوبل گیٹ وے پروگرام کے تحت پاکستان میں 400 ارب یورو تک کی سرمایہ کاری کے مواقع دستیاب ہوں گے، جبکہ 300 سے زائد یورپی کمپنیاں پہلے ہی مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ فورم کے دوران 600 سے زائد بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں شیڈول ہیں، جبکہ سرمایہ کاروں اور یورپی مالیاتی اداروں کے درمیان خصوصی ملاقاتیں بھی ہوں گی۔
یورپی یونین نے پاکستان کے ساتھ طویل المدتی اقتصادی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فورم سے نجی شعبے کے درمیان روابط مزید مستحکم ہوں گے اور پاکستان کو یورپی سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش مرکز بنانے میں مدد ملے گی۔
