آئی ایم ایف نے پیٹرولیم لیوی میں نرمی سے گریز کا عندیہ دیا،وزیر اعظم کی دوبارہ کوشش کی ہدایت

0

اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں نرمی کی درخواست قبول کرنے سے گریز کیا ہے، اگرچہ حکومت عالمی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

باخبر ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف  کو جمعرات کو آئی ایم ایف کے ابتدائی ردعمل سے آگاہ کیا گیا، جس میں لیوی کے ڈھانچے میں کسی قسم کی رعایت دینے کی حمایت نہیں کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ دوبارہ آئی ایم ایف سے رابطہ کرے اور عوام پر بڑھتے بوجھ کو کم کرنے کے لیے نرمی کی تجویز دوبارہ پیش کرے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافے کا مکمل اثر صارفین پر منتقل کرنا مہنگائی میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے اور عوام کے لیے ’’کچھ زیادہ‘‘ ہوگا۔

اقتصادی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام ممکنہ اقدامات پر غور کریں تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف پیٹرولیم لیوی کو پاکستان کے ریونیو کا اہم ذریعہ اور جاری پروگرام کی شرائط کے ایک کلیدی جزو کے طور پر دیکھ رہا ہے، اس لیے فنڈ محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔ اس مسئلے پر اس ہفتے کے آغاز میں بھی مذاکرات ہوئے تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.