کراچی :موسلادھار بارش،حادثات میں 6 افراد جاں بحق ، ایم کیو ایم کی تنقید
کراچی : مختلف علاقوں میں تیزہواؤں اور بارش کے باعث حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
کراچی میں اورنگی ٹاؤن ، نارتھ ناظم آباد ، اولڈ سٹی ایریا ، صدر ، ملیر ، گلشن معمار اور نارتھ کراچی سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔
شارع فیصل پر نرسری سے بلوچ کالونی پل جانے والا ٹریک ٹریفک کے لیے بند ہوگیا۔نارتھ ناظم آباد میں شیر شاہ سوری روڈ پر فلائی اوور کے اطراف پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں تیزہواؤں اور بارش کے باعث حادثات سے 6 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق پرانا گولیمار میں گھرکی دیوار رکشے پر گرنے سے ایک رکشہ ڈرائیورجاں بحق ہوگیا جبکہ اورنگی ٹاؤن اجتماع گاہ میں گھرکی دیوار گرنے سے 3 بچے زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ نیوکراچی حسن بروہی گوٹھ میں گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔اس کےعلاوہ پی آئی بی کالونی کوئٹہ ہوٹل کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں اور سرجانی سیکٹر سیون اےکے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک بچی جاں بحق ہوگئی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں رات میں مزید بارش کی پیشگوئی کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا کی رفتار 50 سے 60 اورکہیں 70 کلومیٹر فی گھنٹاہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل کراچی میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ کراچی ڈوب گیا اور نام نہاد ترقیاتی کاموں کے غبارے سے ہوا نکل گئی، درمیانے درجے کی بارش نے بے اختیار بلدیاتی نظام کا کچا چٹھا کھول دیا۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کے بعد کھنڈر شاہراہیں تالاب بن چکی ہیں، ڈوبا ہوا انفراسٹرکچر گواہی دے رہا ہے کہ وسائل پر بے دردی سے ہاتھ صاف کیا گیا۔
