مشرق وسطیٰ تنازع :پاکستان امریکی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے اور مسلسل سفارتی مشاورت میں مصروف

0

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی  نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے اور مسلسل سفارتی مشاورت میں سرگرم ہے تاکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔

سوموار کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران طاہر اندرابی نے بتایا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے مختلف ہم منصبوں سے رابطے ہوئے، اور سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

ترجمان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی خطرناک ہے اور اس کا حل صرف سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے۔ موجودہ صورتحال میں نائب وزیراعظم کا دورہ چین بھی اہمیت کا حامل رہا، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان مشرق وسطیٰ کی صورتحال، بحری راستوں خصوصاً آبنائے ہرمز میں جہازرانی کے تحفظ، اور علاقائی امن و استحکام پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

طاہر اندرابی نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے مشترکہ پانچ نکاتی امن منصوبے کو عالمی اور خطے میں پذیرائی حاصل ہوئی، اور یہ منصوبہ ایران، امریکا اور دیگر متعلقہ فریقین تک پہنچایا گیا۔ امریکی قیادت نے بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی، جبکہ ایران اور امریکا نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سہولت کاری کے کردار کو سراہا۔

ترجمان نے کہا کہ آئندہ مرحلے میں متعلقہ فریقین کے درمیان بامعنی مذاکرات پر توجہ دی جائے گی تاکہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.