اسلام آباد پولیس نے تاجرکو ڈکیتی کے دوران قتل کرنےمیں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا
اسلام آباد :پولیس نے کاروباری شخصیت عامر اعوان کے قتل میں ملو ث تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ 2 روز قبل ہوئے واقعےکو 24 گھنٹے گزرنے سے پہلے تمام ملزمان کو گرفتار کیا گیا، عامر اعوان کو ڈکیتی کی واردات کے دوران قتل کیا گیا، واقعے میں منصور خان گینگ ملوث ہے، گینگ کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے، گینگ میں افغان شہری بھی شامل ہیں۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے ملزمان کو کراچی سے خیبر کے درمیان سے پکڑا، اسلام آباد میں گزشتہ سال کی نسبت 63 فیصد بڑے جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے، یہ کیس پورے پاکستان لیول کا کیس تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی نہیں اسلام آباد کو ہم پہلا اسمارٹ سٹی بنائیں گے ، ہماری پولیس کے پاس وسائل کی بہت کمی تھی، نہ یہاں فرانزک لیب تھی اور نہ ہی سیف سٹی مکمل تھا، ان مسائل کو بیک وقت ایڈریس کرنا شروع کیا۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے قاتلوں تک پہنچی،تحقیقات کے لیے 6 جگہوں کی جیو فینسنگ کی گئی۔
