اپوزیشن کا پارلیمانی اجلاس:اسمبلیوں سے مستعفیٰ ہونے کی تجویز پر غور
اسلام آباد: تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اسمبلیوں سے استعفے دینے کی تجویز سامنے آ گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مختلف سیاسی اور پارلیمانی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر رہنما لطیف کھوسہ نے ایران کی کھل کر حمایت کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ایوان میں اسرائیل کے خلاف قرارداد پیش کی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران ماضی میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل انعام دینے کی باتیں کرتے رہے ہیں۔
اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر علی ارباب نے پارلیمانی قانون سازی کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹیوں میں شرکت کے باوجود اپوزیشن کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مناسب موقع نہیں مل رہا۔
شیر علی ارباب نے تجویز دی کہ اگر پارلیمانی کمیٹیوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع نہیں ملتا تو صرف کمیٹیوں سے استعفوں کے بجائے اسمبلیوں سے بھی استعفے دینے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ایک ایسا فورم تھا جہاں اپوزیشن اپنی مؤثر موجودگی اور طاقت کا اظہار کر سکتی تھی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک تمام ارکان کو اپنی رائے دینے کا موقع دیا جا رہا ہے اور مختلف آرا کو مدنظر رکھتے ہوئے اپوزیشن جماعتیں مشترکہ حکمت عملی طے کریں گی۔
